ایران کا اسرائیل پر تازہ حملہ، فوجی تنصیبات، آپریشنل معاونت کے مراکز اور فضائی اڈے کو نشانہ بنایا

اسلامی جمہوریہ ایران کی پاسداران انقلاب (IRGC) نے اسرائیل پر حالیہ میزائل اور ڈرون حملے کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق یہ اسرائیلی اہداف پر کیا گیا 18واں حملہ تھا، جس کا ہدف وسطی اسرائیل میں واقع فوجی تنصیبات اور آپریشنل معاونت کے مراکز تھے، جن میں بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی شامل ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق حملے میں ایران کے مقامی طور پر تیار کردہ شہید-136 ڈرونز نے حصہ لیا، جو مسلسل مقبوضہ علاقوں کی فضا میں کارروائیاں کرتے رہے جبکہ ٹھوس اور مائع ایندھن سے چلنے والے ایرانی میزائل بھی استعمال کیے گئے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے جدید ترین دفاعی نظام بھی ان میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہے۔ ڈرون اور میزائلوں پر مشتمل مشترکہ کارروائیاں مسلسل اور مخصوص اہداف کے ساتھ جاری رہیں گی۔
رات گئے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل وسطی اسرائیل کے علاقے ڈین گش میں گرے، جہاں ایک رہائشی عمارت کو میزائل کے ٹکڑے لگنے سے آگ لگ گئی۔ واقعے میں ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔