یوٹیوبر رجب بٹ کا لندن میں پاسپورٹ چوری، عارضی دستاویزات پر وطن واپسی

لاہور(شوبز ڈیسک)معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کا لندن میں پاسپورٹ چوری ہوگیا جس کے بعد وہ عارضی سفری دستاویزات پر پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہونے والے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رجب بٹ نے اپنی گاڑی ایک پارکنگ ایریا میں کھڑی کی اور بیگ گاڑی کی پچھلی سیٹ پر واضح طور پر رکھا ہوا تھا۔ چوروں نے مبینہ طور پر گاڑی کا شیشہ توڑ کر بیگ چوری کرلیا جس میں پاسپورٹ سمیت دیگر قیمتی اشیاء موجود تھیں۔
پاسپورٹ چوری ہونے کے بعد رجب بٹ نے پاکستان ہائی کمیشن لندن سے عارضی سفری دستاویز (Temporary Travel Document) کے لیے درخواست دی جو صرف ایک مرتبہ استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہیں یہ دستاویز جاری کر دی گئی ہے اور وہ جلد پاکستان روانہ ہوں گے۔
رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ ان پر “حملہ” ہوا ہے تاہم قریبی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ چوری کا ہے نہ کہ کوئی باقاعدہ حملہ۔ آزاد ذرائع سے کسی جسمانی حملے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
پاکستان واپسی پر رجب بٹ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے نیا پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
یاد رہے کہ رجب بٹ اپنے سفر اور لائف اسٹائل ویڈیوز کی بدولت سوشل میڈیا پر خاصی شہرت رکھتے ہیں تاہم اس واقعے پر انہوں نے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ لندن میٹروپولیٹن پولیس نے بھی اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔