اداکارہ فضا علی کو بیٹی کو بالی ووڈ فلم دکھانے پر تنقید کا سامنا

معروف پاکستانی اداکارہ، گلوکارہ اور میزبان فضا علی ایک انسٹاگرام ویڈیو کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔
اداکارہ فضا علی اپنی بیٹی فَرال کے ہمراہ اکثر سوشل میڈیا اور شوز پر نظر آتی ہیں۔ حال ہی میں فضا علی نے بیٹی کے ساتھ ایک ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فضا نے اپنی بیٹی کی حساسیت کے بارے میں مداحوں کو بتاتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بالی ووڈ فلم اگنی پتھ دیکھتے ہوئے جذباتی مناظر پر روتی ہوئی نظر آئی۔ اس فلم میں ہریتھک روشن اور پرینکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فضا نے لکھا کہ فرال کی ہمدردی کی فطرت کیمرے کے لیے نہیں بلکہ وہ حقیقت میں بہت حساس بچی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فضا علی پر تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ بھارتی فلمیں کیوں دیکھ رہی ہیں اور اپنی بیٹی کو کیوں دکھا رہی ہیں، خاص طور پر موجودہ سیاسی تناظر میں انہیں اس کا بائیکاٹ کرنا چاہیئے۔
ایک صارف نے فضا علی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا، “آپ کو بالی ووڈ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔”
ایک اور نے کہا، “آپ اپنی بیٹی کو ایسا مواد کیوں دکھا رہی ہیں؟” کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ جب بھارتی فنکار پاکستانی مواد کو مسترد کر رہے ہیں تو پاکستانی اب بھی بھارتی فلمیں کیوں دیکھ رہے ہیں۔