ہانیہ عامر نے بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب دے دیا، وائرل انسٹا پوسٹ جعلی قرار

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھارتی میڈیا کی جانب سے ان سے منسوب کی گئی جعلی سوشل میڈیا پوسٹ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے

جھوٹا، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔

چند روز قبل ایک انسٹاگرام پوسٹ، جس میں پہلگام حملے پر پاکستان مخالف بیانیہ اختیار کیا گیا تھا، ہانیہ عامر کے نام سے وائرل ہوئی۔

اس جھوٹی پوسٹ میں حساس الزامات عائد کیے گئے جن میں پاک فوج، پاکستانی عوام اور مذہبی تنظیموں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے والی اس جعلی پوسٹ نے نہ صرف پاکستانی عوام کو تشویش میں مبتلا کیا بلکہ بھارتی مداحوں میں بھی غلط فہمی پیدا کی۔

تاہم اداکارہ ہانیہ عامر نے اس سازش کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک اسٹوری میں تمام الزامات کی تردید کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا:

”میرے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا بیان مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے۔ یہ نہ تو میرے خیالات کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی میں ایسی کسی نفرت انگیز بات کی تائید کرتی ہوں۔“

اداکارہ نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات انتہائی حساس ہیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی بیان بازی یا نفرت انگیز تبصرے معاشرے میں مزید تقسیم پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا:

”یہ وقت الزام تراشی کا نہیں، بلکہ ہمدردی، انصاف اور شفاء کی طرف بڑھنے کا ہے۔ ہمیں محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا اور تصدیق شدہ معلومات پر ہی بھروسہ کرنا چاہیے۔“

ہانیہ عامر نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کسی بھی خبر یا بیان کی سچائی کی تصدیق کیے بغیر اس پر یقین نہ کریں۔

اداکارہ نے پہلگام واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے اور ان کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، تاہم اس سانحے کو بنیاد بنا کر پاکستان یا کسی مخصوص گروہ کو بغیر ثبوت الزام دینا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے نتیجے میں 26 بھارتی سیاح مارے گئے تھے، جس کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بغیر کسی تحقیق کے الزام پاکستان پر عائد کیا گیا۔ اس کے بعد متعدد پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں بھی لگائی گئیں۔

اداکارہ کی بروقت وضاحت نے نہ صرف ان کے مداحوں کو مطمئن کیا بلکہ بھارتی میڈیا کی منفی مہم کو بھی بے نقاب کر دیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *